Thursday, October 21, 2010
کراچی:’حساس علاقوں کی نشاندہی ہوگئی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیرِ داخلہ ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے لیے حساس علاقوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
ادھر کراچی میں جمعرات کی شام پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں شہر کی صورتحال زیرِ بحث آئے گی۔
جمعرات کو مقامی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کر لی ہے جہاں جرائم پیشہ افراد اور اسلحہ کا ذخیرہ ہو سکتا ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے لیے شہر کے حساس علاقوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
ہم نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کر لی ہے جہاں جرائم پیشہ افراد اور اسلحہ کا ذخیرہ ہو سکتا ہے
ذوالفقار مرزا
انہوں نے کہا کہ ’خود کو مار کر مصلحت سے کام نہیں لیا جا سکتا‘۔
وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کی ہدایت پرگورنر ہاؤس میں متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کا مشترکہ اجلاس جمعرات کی شام منعقد ہوگا اور ’عوام بہتر خبر سنیں گے‘۔
خیال رہے کہ کراچی میں سولہ اکتوبر کو ضمنی انتخاب کے موقع پر شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک ساٹھ سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
ان پرتشدد واقعات کے بعد کراچی میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا جسے وزیراعظم نے یہ کہتے ہوئے رد کر دیا تھا کہ کراچی میں صوبائی حکومت حالات پر قابو پا لے گی۔
کراچی میں سولہ اکتوبر کو ضمنی انتخاب کے موقع پر شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک ساٹھ سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔بدھ کی رات کراچی میں صوبائی سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان کی صدارت میں امن امان کی بحال کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں حکومت کو تجویز دی گئی تھی کہ مخصوص علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اسی اجلاس میں ڈی آئی جیز کو ایسے علاقوں کی نشاندھی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اجلاس کے بعد عارف احمد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اگر ان علاقوں میں ضرورت پڑنے پر کرفیو بھی نافذ کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہاں غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ افراد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار کافی ہوں گے۔
ادھر لیاری میں ممکنہ آپریشن کی اطلاع پر مردوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے جمعرات کی رات احتجاج کیا۔ ان مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
ٹارگٹ کلنگز کا خاتمہ کرنا ہے تو یکساں پالیسی اپنانا ہوگی:پیپلز امن کمیٹی
لیاری کی پیپلز امن کمیٹی کے ترجمان ظفر بلوچ نے بی بی سی کو بتایا کہ لوگوں نے جب یہ سنا کہ صرف لیاری میں آپریشن کی باتیں ہو رہی ہیں تو انہوں نے احتجاج کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ بہتّر گھنٹوں میں لیاری کو شہر کے دعویٰ داروں کی جانب سے انیس لاشوں کا تحفہ ملا ہے، جس کے بعد شام کو میڈیا میں یہ خبریں آنے لگیں کہ لیاری میں سرچ آپریشن اور کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے تو پھر لوگ مشتعل ہوکر باہر نکلے ان کا یہ مطالبہ ہے کہ اگر اس شہر کو بچانا ہے اور اسلحے سے پاک کرنا ہے اور ٹارگٹ کلنگز کا خاتمہ کرنا ہے تو ایک یکساں پالیسی اپنانا پڑے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو لیاری کے لوگ اپنے گھروں کی تلاشی کرانے میں پہل کریں گے۔
خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پیپلز امن کمیٹی پر تشدد کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں تاہم کمیٹی کے ارکان ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment